بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

چین ایشیا اور دنیا کے لئے ترقی کا انجن ہے، پاکستانی سفیر

چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا ہے کہ چین نہ صرف ایشیا بلکہ دنیا کے لئے بھی ترقی کا ایک انجن ہے۔

چین کے جنوبی صوبے ہائی نان کے شہر بوآؤ میں ہونے والی بوآؤ فورم برائے ایشیا سالانہ کانفرنس 2025 کے موقع پر ایک انٹرویو میں خلیل ہاشمی نے کہا کہ عالمی جی ڈی پی کا تقریباً 30 فیصد چین سے منسلک ہے۔ چین صنعتکاری کے ساتھ اب ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی سبقت لے رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان مزید تعاون کی توقع ظاہر کی۔

خلیل ہاشمی نے کہا کہ یہ پاکستان اور چین دونوں کے لئے فائدہ مند ہے اور ہم چین کی جانب سے ماحول دوست ٹیکنالوجیز میں مزید کامیابیاں دیکھنے کے منتظر ہیں۔ الیکٹرک گاڑیاں ان میں سے صرف ایک شعبہ ہے۔ ہم بیٹریوں، سولر پینل کی تیاری اور دیگر ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز میں بھی شراکت داری کرنا چاہیں گے۔

پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ ہم سولر پینلز کی تیاری، سولر بجلی ذخیرہ کرنے اور پیداوار اور الیکٹرک گاڑیوں پر کاروباری ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ توقع ہے کہ بہت سی چینی کمپنیاں اس سرگرمی میں حصہ لیں گی۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے بھی چین کی ترقی بالخصوص چینی جدیدیت کی بہت تعریف کی۔

منیر اکرم نے انٹرویو میں کہا کہ گزشتہ چند دہائیوں میں چینی جدیدیت کو دنیا بھر میں معاشی معجزہ سمجھا جارہا ہے اور یہ انسانیت کی تاریخ میں بے مثال ہے کہ چین جیسے بڑی آبادی کے ملک نے خود کو غریب قوم سے بدل کر جدید معیشت میں تبدیل کیا۔

منیر اکرم نے کہا کہ چینی جدیدیت بلاشبہ ایسا نمونہ ہے جس کی تمام ترقی پذیر ممالک تقلید کرنا چاہتےہیں اور خود کو ترقی پذیر ممالک سے جدید معیشتوں میں تبدیل کرنے کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔ چین کا عالمی ترقیاتی اقدام ایسا پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے ترقی پذیر ممالک چین کے ساتھ تعاون کر سکتے ہیں، چین سے سیکھ سکتے ہیں اور اپنی معیشتوں کی ترقی کے لئے چین کی معاونت، مدد اور ٹیکنالوجی حاصل کرسکتے ہیں۔

’’ایشیا بدلتی ہوئی دنیا میں: مشترکہ مستقبل کی جانب‘‘ کے عنوان سے ہونے والی بوآؤ فورم برائے ایشیا سالانہ کانفرنس رواں سال 25 سے 28 مارچ تک منعقد ہو رہی ہے۔

اشتہار
Back to top button