
تجارت
این ڈی ایم اے اور جازکے مابین پاکستان میں رسک کمیونیکیشن اور ارلی وارننگ سسٹم کوفعال بنانے کے لیے معاہدے پر دستخط
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور پاکستان موبائل کمیونیکیشنز لمیٹڈ (جاز) نے آفات کے خطرے سے متعلق قبل از وقت پیغام رسانی اور قبل از وقت الرٹ کی تشہیر کے لیے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے ہیں۔ این ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں این ڈی ایم اے کے چیف آف سٹاف بریگیڈیئر قاسم محمود اور جاز کے چیف ایگزیٹو آفیسر عامر ابراہیم نے شرکت کی۔
اس شراکت کے ذریعے جاز کی موبائل ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آفات سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر تیاری کو مزید فعال بنانے میں مدد مل سکے گی۔معاہدے کے کلیدی اقدامات میں بروقت ابتدائی وارننگ/الرٹ کی تشہیر، این ڈی ایم اے کی موبائل ایپ کے ذریعے مصنوعی ذہانت پر مبنی، موسمیاتی تبدیلی اور آفات کے خطرات سے متعلق ملک گیر آگاہی مہمات شامل ہیں۔ مزید برآں این ڈی ایم اے اور جازصلاحیتی دائرہ کار میں اضافے اور تربیتی پروگراموں میں دو طرفہ تعاون کریں گے، علاوہ ازیں جازاپنے سی ایس آر پروگرام میں ہنگامی مواصلاتی تعاون فراہم کرے گا۔
جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے اس تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا، ”ہمارے معاشرے کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے ایک فعال اور ٹیکنالوجی پر مبنی نقطہ نظر کی فوری ضرورت کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کے ساتھ ہماری شراکت داری پاکستان کے ہنگامی ردعمل کے لائحہ عمل کو مزید موئثر بنانے کے لیے ایک اہم اور معاون ثابت ہوگی، ہم ملکر اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ تمام ضروری معلومات خطرے سے دوچار لوگوں تک بر وقت پہنچ سکیں۔