
غیر قانونی بھارتی تسلط میں کشمیریوں کے وجود کو سنگین خطرات لاحق ہیں، حریت کانفرنس
بھارتی حکومت کشمیریوں کو شناخت سے محروم کرنے کے مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہے
کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں اور بیگناہ کشمیری نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی بلا جواز کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشنوں کے دوران بیگناہ نوجوانوں کو گرفتار کرکے عقوبت خانوں میں پہنچایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار نوجوانون پر بعد ازاں کالے قوانین لاگو کر کے انہیں برسہا برس کے لیے سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جاتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ غیر قانونی بھارتی تسلط میں کشمیریوں کے وجود کو سنگین خطرات لاحق ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ مودی کی ہندو توا بھارتی حکومت کشمیریوں کو انکی پہنچان اور شناخت سے محروم کرنے کے مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بیگناہ کشمیریوں کے قتل کی عالمی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نام نہاد جمہوریت ملک بھارت مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر بھارت کا محاسہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اقوام متحدہ پر بھی زور دیا کہ تنازعہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے کردار ادا کرے۔