
ہماری تنظیم کے ذمہ داران اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کے لیے پر خلوص کوشش کر رہے ہیں، محبوب سلطان
فخر خوشاب، پاکستان بزنس فورم فرانس کے میڈیا کوآرڈینیٹر سیٹھ محبوب سلطان نے کہا ہے کہ ہماری تنظیم کے ذمہ داران اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کے لیے پر خلوص کوشش کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے خصوصی ٹیلیفونک گفتگو میں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر اوورسیز و مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے پاکستان بزنس فورم فرانس کے عہدیداران سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور میری وزارت اوورسیز پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
ترجمان پاکستان بزنس فورم فرانس کے مطابق وفاقی وزیر اوورسیز و مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے پاکستان بزنس فورم فرانس کے عہدیداران کی طرف سے پیش کردہ اوورسیز کے مسائل کے حل کے لیے جو دلچسپی لی ہے وہ قابل صد ستائش و لائق تحسین وآفرین ہے۔
وفاقی وزیر کی طرف سے بزنس فورم کہ عہدیداران سے کہا گیا ہے کہ جب بھی تارکین وطن کے حوالے سے ہم تک کوئی شکایت یا مسئلہ پہنچتا ہے تو اس کے تدارک کے لیے فورا” اقدامات کیے جاتے ہیں۔
میڈیا کوآرڈینیٹر کے مطابق پاکستان بزنس فورم فرانس کے سرپرست ابراہیم ڈار ،چیئرمین سردار ظہور اقبال اور صدر حاجی محمد اسلم نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے بزنس فورم کی طرف سے خط ملتے ہی فوری رابطہ کیا اور اوورسیز کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اور وفاقی وزیر کے ساتھ یہ ٹیلیفونک رابطہ تھا جس میں انہوں نے مسائل کی حل کی بھرپورطریقے سے یقین دہانی کرائی۔
ترجمان پاکستان بزنس فورم فرانس کے مطابق بزنس فورم کے عہد یداران کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر اوورسیز چوہدری سالک حسین نے اپنے والد محترم چوہدری شجاعت حسین کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان بزنس فورم فرانس کی طرف سے اوورسیز پاکستانیوں کے پیش کردہ مسائل کے حل کے حوالے سے فوری رابطہ کیا جس پر ہمارا فورم ان کا تہ دل سے مشکور و ممنون ہے۔
سیٹھ محبوب سلطان نے مزید کہا کہ انشاءاللہ پاکستان بزنس فورم فرانس اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے میں ہرگز کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔