
ڈاکٹر محمد قیوم خان کا گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول چک نمبر 44ڈی بی کا دورہ، سات کے وی سولر پینل کا افتتاح
چیف ایگزیکٹر آفیسر ایجوکیشن خوشاب ڈاکٹر محمد قیوم خان نے اچانک گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول چک نمبر 44ڈی بی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سکول ہذا کے اندر ہونے والی امتحانی سرگرمی اور ادارہ کے ڈسپلن کا جائزہ لیا اور اطمینان کااظہار کیا۔
جناب ڈاکٹر محمد قیوم خان نے ادارہ میں لگنے والے اپنی مدد آپ کے تحت سات کے وی سولر پینل کا افتتاح کیا اور سولر پلیٹوں کی کوالٹی بھی چیک کی۔ سی ای او ایجوکیشن خوشاب نے ہیڈ ماسٹر سکول ہذا ملک ریاض حسین بگھور کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ آپ جیسے نو جوان ڈیپارٹمنٹ کا فخر ہیں۔
دریں اثناء رئیس مدرسہ ادارہ ہذا ملک ریاض حسین بگھور نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ضلع خوشاب کے سرمایہء افتخار سی ای او ایجوکیشن ڈسٹرکٹ خوشاب جناب ڈاکٹر محمد قیوم خان نے ہمارے ادارے کا دورہ کر کے ہماری جو حوصلہ افزائی کی ہے اس پر ہم سب ان کے تہہ دل سے مشکورو ممنون ہیں انشاءاللہ ان کی زیر قیادت اپنے ادارے کو مزید نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے اور ادارے کی تزئین وآرائش کے لیے ہرگز کوئی دقیقہ فرو گذشت نہیں کیا جائے گا۔
سربراہ ادارہ نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کے ممتاز ماہرین تعلیم ڈی ای او ایلیمنٹری سکولز ڈسٹرکٹ خوشاب جناب فیض الحسن ملک اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل نورپورتھل جناب ظہیر عباس بھٹی کی زیر نگرانی ہم نونہالان وطن کی بہترین تعلیم و تربیت کے لیے حتی المقدور اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وقتا” فوقتا” اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر رنگپوربگھور ملک محمد امتیاز نسیم کی راہنمائی سے بھی مستفید ہوتے رہتے ہیں ۔ انشاءاللہ ہم اپنے آفیسرز صاحبان کے ویژن کے مطابق ادارے کی مزید تعمیروترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔