
عالمی یوم خواتین کے موقع پر پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ خوشاب کے زیر اہتمام صنعت زار کے اشتراک سےایک سیمینار کا انعقاد
عالمی یوم خواتین کے موقع پر پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ خوشاب کے زیر اہتمام صنعت زار کے اشتراک سےایک سیمینار کا انعقاد ہوا۔سیمینار میں خواتین کے حقوق، صحت اور بہبود پر روشنی ڈالی گئی اور معاشرتی ترقی میں خواتین کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر آفیسر چوہدری شاہد، اے ڈی سوشل ویلفیر ملک اظہر، منیجر صنعت زار ملک امتیاز احمد مانگٹ، ڈسٹرکٹ ڈیموگرافر عقیلہ تبسم، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر حمنا ملک، ڈاکٹر قمبر دراز اور فرزانہ اسلم نے خصوصی شرکت کی۔
مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی صحت، تعلیم اور خود مختاری کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لیے بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے خواتین کو درپیش چیلنجز پر بات کی اور ان کے حل کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔اس موقع پر پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں نے خواتین کے لیے دستیاب سہولیات اور حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی، جبکہ صنعت زار کی جانب سے خواتین کے لیے معاشی مواقع اور خود کفالت کے منصوبوں پر تبادلہء خیال کیا گیا۔
سیمینار کے اختتام پر تمام شرکاء نے خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا اور عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے خواتین کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔