
قومی
نائب وزیراعظم اوآئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب روانہ
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ جدہ میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران فلسطین میں فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں وہاں کی بگڑتی ہوئی صورتحال،فلسطینیوں کو ان کے آبائی وطن سے بے دخل کرنے کی غیر قانونی اور غیر اخلاقی تجاویز اور فلسطین میں پیدا ہونے والے انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات کرنے پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں اسحاق ڈار فلسطینیوں کے نصب العین کے لئے پاکستان کے اصولی مؤقف اور مستقل حمایت کا اعادہ کریں گے۔وہ مقبوضہ بیت المقدس سمیت تمام زیرقبضہ علاقوں سے اسرائیل کے مکمل انخلاء کا مطالبہ کرینگے اور فلسطینیوں کی نقل مکانی کے لئے ناقابل قبول تجویز کی مذمت بھی کریں گے۔