
وزیراعظم کی نوجوانوں کیلئے مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق تربیتی پروگرام کے منصوبے کی منظوری
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے نوجوانوں کیلئے مارکیٹ اور صنعت کے تقاضوں اور مہارتوں کے تربیتی پروگرام سے متعلق ایک منصوبے کی منظوری دی ہے۔انہوں نے آج (جمعرات) اسلام آباد میں نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پلان کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس منصوبے کے ماہانہ جائزہ اجلاس کی سربراہی اور اس پر عملدرآمد کی نگرانی خود کرنے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس کو آئندہ چار برسوں کے دوران مختلف اداروں کے ذریعے تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے سے متعلق لائحہ عمل کے بارے میں بتایا گیا۔وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں نوجوانوں کی تربیت کیلئے مقامی صنعتوں کے ساتھ باقاعدگی سے رابطہ برقرار رکھنے اور بین الاقوامی تنظیموں میں افرادی قوت کی ضروریات کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی۔
شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو فنی اور ضروری ہنرمندی کی تربیت کی فراہمی کے ذریعے انہیں بااختیار بنا کر روزگار کے مواقع فراہم کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت کی فراہمی کے ذریعے افرادی قوت برآمد کرنے کو فروغ بھی دے رہی ہے۔