
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی: پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ آج دبئی میں ہوگا
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا اور شو پیس میچ اتوار کو دبئی میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ ٹورنامنٹ میں رہنے کے لیے پاکستان کو بھارت کے خلاف میچ جیتنا ضروری ہے، کیونکہ دوسرا میچ ہارنے کی صورت میں پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہو سکتا ہے۔
پاکستانی ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 60 رنز سے شکست کھائی تھی، جبکہ بھارت نے بنگلہ دیش کے خلاف اپنے پہلے میچ میں چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ کی دفاعی چیمپئن ہے جبکہ بھارت سابق چیمپئن ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان اب تک کا سب سے بڑا مقابلہ آج دبئی میں ہونے جا رہا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی ایونٹس میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے مقابلوں کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان کا پلڑا بھاری ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کے گزشتہ ایونٹس میں دونوں ٹیمیں 5 بار آمنے سامنے آئی ہیں، جن میں سے 3 بار پاکستان فاتح رہا، جبکہ 2 بار بھارت نے کامیابی حاصل کی۔ دونوں ٹیمیں پہلی بار 2004 کی چیمپئنز ٹرافی میں برمنگھم کے شہر انگلینڈ میں آمنے سامنے آئیں، جہاں انضام الحق کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
دوسری بار دونوں ٹیموں کا مقابلہ 2009 میں ہوا تھا، جہاں بھی پاکستانی ٹیم نے بھارت کو 54 رنز سے شکست دی۔ تیسری بار 2013 میں برمنگھم میں دونوں ٹیمیں ٹکرائیں، جہاں بھارتی ٹیم کو پہلی بار کامیابی حاصل ہوئی۔ چوتھی بار 2017 میں ایک بار پھر برمنگھم میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں، اور اس بار بھی بھارت نے کامیابی حاصل کی۔
پانچویں اور آخری بار دونوں ٹیمیں 2017 کے فائنل میں ٹکرائیں، جہاں سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے بھارت کو 180 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی اور پہلی بار چیمپئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان اب تک 135 میچز ہو چکے ہیں۔ پاکستان نے 73 میچز جیتے ہیں، بھارت نے 57 میں کامیابی حاصل کی، جبکہ پانچ میچوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔ نیوٹرل وینیو پر پاکستان نے 40 میچوں میں بھارت کو شکست دی جبکہ بھارت نے 34 میچوں میں کامیابی حاصل کی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ میچ نہ صرف چیمپئنز ٹرافی بلکہ دونوں ملکوں کی کرکٹ کی تاریخ کا اہم باب ہے۔ آج کے میچ میں دونوں ٹیموں کے لیے جیت کا موقع بہت اہمیت رکھتا ہے۔