
ورلڈ سکائوٹس ڈے پر صدر اور وزیراعظم کے پیغامات
سکاوٹس کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے۔اس تحریک کے بانی رابرٹ اسٹیفن سن اسمتھ بیڈن پاول تھے، یہ دن سکاوٹ تحریک کے بانی کے یوم پیدائش کی مناسبت سے منایا جاتا ہے۔سکاؤٹ تحریک سکول کے بچوں کی ایک رضاکارانہ، غیر سیاسی اور تعلیمی تحریک ہے جس کا مقصد معاشرے میں بہتری لانا ہے۔سکاوٹ سرگرمیاں جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کے فروغ کے ذریعے نوجوانوں کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے سکاؤٹس کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے چیف اسکاؤٹ کی حیثیت سے مجھے اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ خدمت سکاؤٹنگ کی روح ہے، سکاؤٹس کو بحرانوں اور روزمرہ کی زندگی میں خدمت کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے، سکاؤٹس شجرکاری، خواندگی اور سماجی بہبود کے اقدامات کی قیادت کریں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں سکاؤٹس کے عالمی دن پر پاکستان اور دنیا بھر کے سکاؤٹس کو مبارکباد دی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ امن اور بحران دونوں وقتوں میں تربیت یافتہ سکاؤٹس کا گراں قدر کردار رہا ہے، مجھے پوری امید ہے کہ پاکستان میں سکاؤٹ تحریک یونہی فروغ پاتی رہے گی جس سے ہر لڑکے اور لڑکی کو سکاؤٹنگ کی اقدار کو اپنانے اور قوم کی خدمت کے لیے خود کو وقف کرنے کی ترغیب ملے گی۔