![](/wp-content/uploads/2025/02/sports1-719x470.webp)
ایشیائی سرمائی کھیلوں میں چین کی طبی خدمات کی پاکستان سے پذیرائی
ہاربن میں جاری 9 ویں ایشیائی سرمائی کھیلوں میں پاکستان کی جانب سے ایک ستائشی خط اور قومی کھیلوں کے تمغے کے ذریعے پاک۔ چین پائیدار تعلقات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
اس میں صحت کی نگہداشت کی چینی ٹیم کی جانب سے ایک پاکستانی عہدیدار کو فراہم کردہ غیر معمولی طبی نگہداشت کا اعتراف کیا گیا ہے جو سرحد پار دوستی کے جذبے کو نمایاں کرتی ہے۔
یابولی مقابلہ زون میں برفانی کھیلوں میں شریک پاکستان کی ایک خاتون عہدیدارنے 7 فروری کو ہاربن میڈیکل یونیورسٹی (ایچ ایم یو) کے دوسرے الحاق شدہ ہسپتال کے ماتحت کام کرنے والے ایتھلیٹس ولیج کلینک سے فوری علاج کی درخواست کی تھی۔
شدید کھانسی، چکر آنے اور بے ترتیب دھڑکن جیسی صورتحال کا سامنا کرنے والی مریضہ کی کلینک کے سربراہ اور ہسپتال کے ایمرجنسی سرجری ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر سن تے وے نے فوری معائنہ کیا اور کثیر نظامی علامات کی پیچیدگیوں کو دیکھتے ہوئے دماغی امراض، ہنگامی ادویات اور امراض قلب کے ماہرین کو یکجا کرکے ایک ملٹی ڈسپلنری ٹیم (ایم ڈی ٹی) کا مشاورتی نظام فعال کیا۔
ڈاکٹر جیاؤ ہونگ (دماغی)، ڈاکٹر جانگ دے شین (ہنگامی ادویات) اور ڈاکٹر سن نا (امراض قلب) کی مشترکہ کاوشوں سے علاج کا ایک مناسب منصوبہ ترتیب دیا گیا۔ 9 فروری تک فالو اپ جانچ پڑتال کے بعد مریضہ کی حالت میں واضح طور پر بہتری آئی تھی جس کی وجہ سے وہ اپنے فرائض دوبارہ انجام دینے کے قابل ہوئیں۔
ایشیائی سرمائی کھیلوں میں شریک پاکستانی وفد نے طبی عملے کو یادگاری فوٹو سیشن کے لئے اپنی رہائش پر مدعو کیا۔
وفد کے سربراہ نے طبی عملے کی مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت، تعلیم اور معاشی ترقی میں چین کی جانب سے پاکستان سے غیر متزلزل تعاون نے ہمیشہ ہمارے دلوں کو چھوا ہے۔ یہاں کھیلوں میں ہم نے ایچ ایم یو کے طبی پیشہ ور افراد کی شاندار مہارت کا بذات خود مشاہدہ کیا۔
وفد نے کلینک کو باضابطہ طور پر شکریہ کا خط اور کھیلوں میں ملک کے سب سے بڑے اعزاز پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن میڈل پیش کیا جو چینی ٹیم کی لگن کے لئے انتہائی احترام کی علامت ہے۔
یابولی مقابلہ زون کے نائب سربراہ اور ایچ ایم یو کے دوسرے الحاق شدہ ہسپتال کے صدر پروفیسر شو وان ہائی نے اعزاز اور حوصلہ افزائی دونوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمغہ اور خط صرف تعریف نہیں بلکہ ہمیں تمام شرکاء کے لئے طبی نگہداشت میں اعلیٰ ترین معیارکو برقرار رکھنے کی ترغیب ہے۔ چین اور پاکستان کے درمیان پھلتی پھولتی دوستی مزید مضبوط ہوتی جارہی ہے۔
یہ واقعہ جس میں دوممالک کی ایک تصویر، اعزازی تمغہ اور ستائشی خط شامل ہے دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی کا واضح ثبوت ہے۔ ایشیائی سرمائی کھیلوں کے پس منظر میں چین۔ پاکستان تعلقات سرما بھرے پھولوں کی مانند روشن، لچکدار اور چمکدار ہیں۔