بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ملک دشمن عناصر کی فوج اور عوام میں خلیج ڈالنے کی کوشش ہمیشہ ناکام رہے گی، آرمی چیف

پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام خصوصاً نوجوانوں کا پاک فوج سے انتہائی مضبوط رشتہ ہے، ملک دشمن عناصر کی فوج اور عوام میں خلیج ڈالنے کی کوشش ہمیشہ ناکام رہے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مختلف یونیورسٹیز اور کالجز کے طلبہ سے خطاب کے دوران نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور اختراعی صلاحیتوں کی تعریف کی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے طلبہ سے خطاب کے دوران پاکستان پر بیرونی ماحول کے اثرات خصوصاً سرحد پار سے دہشت گردی کے خطرات پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

پاک فوج کے سربراہ نے نوجوانوں کو پاکستانیت کا جذبہ اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دے کر ملکی ترقی میں کردار ادا کریں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق جنرل عاصم منیر نے نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیتوں اور جدت پسندی کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان پاکستان کے مستقبل کے رہنما ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اپنے خطاب میں آرمی چیف نے ملکی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے تحفظ میں پاک فوج کے کردار کو اجاگر کیا۔

انہوں نے ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے نجات دلانے میں قوم کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ عوام کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔

پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام خصوصاً نوجوانوں کا پاک فوج سے انتہائی مضبوط رشتہ ہے، ملک دشمن عناصر کی فوج اور عوام میں خلیج ڈالنے کی کوشش ہمیشہ ناکام رہے گی۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ اپنے مذہب، تہذیب اور روایات پر فخر ہے، فتنہ الخوارج کو فرسودہ سوچ ملک پر مسلط نہیں کرنے دیں گے، فتنہ الخوارج کس شریعت اور دین کی بات کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا، بلوچستان کے غیور لوگ دہشت گردوں کے خلاف آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔

اشتہار
Back to top button