![](/wp-content/uploads/2025/02/marathon.webp)
راولپنڈی میراتھن ریس محمد قاسم نے جیت لی
لیاقت باغ سپورٹس کمپلیکس سے شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس تک پہلی منی میراتھن ریس کا انعقاد کیا گیا جس میں 4000 کے قریب کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ محمد قاسم نے پہلی جبکہ محمد عثمان اور بابر علی نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ریس کا انعقاد وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق میراتھن کا آغاز صبح 9 بجے ہوا جس میں شرکاء کو شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس میں فنشنگ لائن تک ڈیڑھ گھنٹے کا ہدف دیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر حسن طارق نے ریس کا افتتاح کیا جبکہ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن امان اللہ خان، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن تابندہ سلیم، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن اعجاز الحق، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد شمس اور شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیر اعلیٰ کی جانب سے تمام کھلاڑیوں میں اسپورٹس شرٹس تقسیم کی گئیں۔
شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس میں تقسیم انعامات کی تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی چیئرمین سی ایم انسپکشن ٹیم راجہ محمد حنیف ایم پی اے تھے۔ انہوں نے میراتھن میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ پنجاب میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔
“وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں”، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ثقافتی اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔
مہمان خصوصی نے ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ایتھلیٹ محمد قاسم کو 50,000 روپے جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے محمد عثمان اور بابر علی کو بالترتیب 40,000 اور 30,000 روپے کا نقد انعام دیا۔