![](/wp-content/uploads/2025/02/abuhurarashah-613x470.webp)
پاکستان کےسید ابو ہریرہ شاہ نے فرانس میں انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپیئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیت لیا
پاکستان کے سید ابو ہریرہ شاہ نے فرانس میں انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں سینئر کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئن شپ میں 20 سے زائد ممالک کے 2 ہزار سے زائد ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔
صرف 19 سال کی عمر میں ہریرہ پہلے ہی چھ بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں،ماسٹر سید رحمان شاہ نے پاکستان کے دستے کے کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور عالمی ایونٹ میں مضبوط نمائندگی کو یقینی بنایا۔ اگست 2024 میں ہریرہ شاہ نے ملائیشیا میں پاکستان کے لئے سونے کا تمغہ جیتا تھا اور پاکستان میں تائیکوانڈو میں ابھرتے ہوئے سٹار کے طور پر اپنی ساکھ کو مزید مستحکم کیا۔
دریں اثنا پاکستان نے 11 ویں سیونگ نام اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپیئن شپ 2024 میں دو کانسی کے تمغے حاصل کیے، جس سے بین الاقوامی مارشل آرٹس میں ملک کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو تقویت ملی۔سید ابوہریرہ نے اے پی پی سے آن لائن گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضی وہاب کی جانب سے ٹورنامنٹس میں مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے19 فروری کو پاکستان واپسی سے قبل جرمنی اور سوئٹزرلینڈ میں دو روزہ تربیتی کیمپ میں شرکت کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں میئر کراچی کی حمایت پر ان کاشکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے اس مقام تک پہنچنے میں مدد کی، میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کی کوششیں جاری رکھوں گا۔