بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون : دفاعی چیمپئن ایس این جی پی ایل کی پانچویں شکست

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے چھٹے راؤنڈ میں ہائر ایجوکیشن نے دفاعی چیمپئن ایس این جی پی ایل کو 160 رنز سے شکست دیدی۔یہ اس ٹورنامنٹ میں ایس این جی پی ایل کی چھ میچوں میں پانچویں شکست ہے۔

تیسرے دن کے کھیل کی نمایاں بات کے آر ایل کے روحیل نذیر اور واپڈا کے محمد عارف کی سنچریاں اور واپڈا کے خالد عثمان کی میچ میں 9 وکٹوں کی عمدہ کارکردگی تھی۔

راشد لطیف اکیڈمی گراؤنڈ میں واپڈا کو پی ٹی وی کے خلاف جیتنے کے لیے354 رنز کا ہدف ملا ہے۔ کھیل ختم ہونے پر اس نے 3 وکٹوں پر 180 رنز بنالیے تھے۔محمد عارف 14چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 101 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔ واپڈا کو جیت کے لیے174 مزید رنز درکار ہیں۔
اس سے قبل پی ٹی وی کی ٹیم دوسری اننگزمیں 112 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ شامل حسین 47 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔نقیب اللہ نے 30 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔خالد عثمان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس طرح میچ میں انہوں نے9 وکٹیں حاصل کیں۔
یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ایس این جی پی ایل کو ہائر ایجوکیشن کے خلاف جیتنے کے لیے359 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن پوری ٹیم 198 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔حسیب اللہ خان نے 52 اور سیف اللہ بنگش نے 49 ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔وسیم اکرم جونیئر نے 41 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔معاذ خرم اور محمدعزب نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل ہائر ایجوکیشن کی ٹیم اپنے گزشتہ روز کے اسکور 9 وکٹوں پر 291 رنز میں صرف ایک رن کا اضافہ کرکے آؤٹ ہوگئی تھی ۔ محمد سلمان 51 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں۔

کے سی سی اے اسٹیڈیم میں کے آر ایل کی ٹیم غنی گلاس کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 499 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔روحیل نذیر نے10 چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 134رنز اسکور کیے ۔شاہد عزیز 8چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے 85 رنز اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔ رمیز جونیئر نے 131 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔
غنی گلاس نے دوسری اننگزمیں 2 وکٹوں پر 127 رنز بنائے تھے۔ محسن ریاض66 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ایشال ایسوسی ایٹس کی ٹیم اسٹیٹ بینک کے 415 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 275 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمد اسمعیل نے 93 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
اسٹیٹ بینک نے اپنی دوسری اننگز221 رنز3 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔علی شان نے14 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 82 رنز اسکور کیے اورآؤٹ نہیں ہوئے۔

ایشال ایسوسی ایٹس کو جیتنے کے لیے 362 رنز کا ہدف ملا ہے لیکن کھیل ختم ہونے پر اس نے دوسری اننگز میں 20 رنز بنائے تھے اوراس کی 2 وکٹیں گرچکی تھیں

اشتہار
Back to top button