سویڈش شہری سلوان نجم قرآن پاک کی سرعام بے حرمتی کرنے کا مجرم قرار
سویڈن کی ایک عدالت نے اسلام مخالف مہم چلانے والے سویڈش شہری سلوان نجم کو قرآن پاک کی سرعام بے حرمتی کرنے کے مجرم قرار دے دیا جب کہ اسلام مخالف مہم چلانے والے ان کے ساتھی عراقی شہری سلوان مومیکا کو 5 روز قبل گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔
غیر ملکی خبررساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق سویڈش شہری سلوان نجم کو 2023 کے واقعات میں مسلمانوں کی بے حرمتی اور توہین آمیز تبصروں پر معطل سزا (ایسی عدالتی سزا جو اس وقت تک نافذ نہیں کی جاتی جب تک کہ مجرم ایک مقررہ مدت کے دوران مزید جرم کا ارتکاب نہ کرے) سنائی گئی تھی، جس کی وجہ سے مسلم ممالک میں بدامنی اور سویڈن کے خلاف غم وغصہ پیدا ہوا تھا۔
یاد رہے کہ سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی اور اسے نذر آتش کرنے والے ملعون عراقی شہری 38 سالہ سلوان مومیکا کو قتل کر دیا گیا، وہ مقدمے میں اپنا فیصلہ وصول کرنے کے لیے عدالت آ رہے تھے۔
بعد ازاں، اسٹاک ہوم کی ضلعی عدالت نے کہا کہ جمعرات کو مومیکا کے مقدمے کا فیصلہ ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ مدعا علیہ کی موت ہو چکی ہے۔