پاکستان میں آئی این ایکس میری ٹائم سروس کا آغاز
پاکستان کی یونائیٹڈ میرین ایجنسیز (UMA) نے ایچ ایم ایم کے ساتھ مل کر کراچی بندرگاہ کو HMM کی نئی "انڈیا نارتھ یورپ ایکسپریس” (INX) سروس سے جوڑ دیا ہے۔ یہ نئی سروس مغربی ہندوستان اور شمالی یورپ کے درمیان ایک براہ راست سمندری رابطہ فراہم کرے گی اور 5 فروری 2025 کو کراچی سے اپنی پہلی روانگی کے ساتھ عالمی سطح پر اپنے آپریشنز کا آغاز کرے گی۔
کراچی میں بدھ کے روز متعقدہ افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی، وائس ایڈمرل فیصل عباسی، کمانڈر کراچی پاکستان نیوی، نے اس نئی سروس کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی بحری سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے اور مستحکم کرنے کے لیے بین الاقوامی شراکت داری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا، "مواصلات کی سمندری لائنیں (SLOCs) قوموں کو اپنی زمینی سرحدوں سے آگے بڑھنے کی سہولت فراہم کرتی ہیں، اور یہی تجارت کے لیے اہم راستے فراہم کرتی ہیں۔ آج 75 فیصد عالمی تجارت سمندری راستوں پر ہو رہی ہے، اور یہ رجحان آئندہ بھی جاری رہنے کی توقع ہے۔ پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت کے باعث وسطی ایشیا، جنوب مغربی ایشیا اور خلیج فارس کے گیٹ وے کے طور پر دنیا بھر میں اہم مقام رکھتا ہے۔”
کمانڈر کراچی نے مزید کہا کہ پاکستان میں سمندری، ماہی گیری، معدنیات اور توانائی کے وسائل موجود ہیں جو معیشت کے لیے اضافی آمدنی پیدا کر سکتے ہیں۔ "چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) پاکستان کی بحری صلاحیتوں میں کئی گنا اضافہ کر سکتی ہے۔”
"انڈیا نارتھ یورپ ایکسپریس” (INX) سروس کا پہلا سفر کراچی سے شروع ہوگا، جس میں بندرگاہوں کا روٹ کراچی – ہزیرہ – موندرا – نہوا شیوا – کولمبو – لندن گیٹ وے – روٹرڈیم – ہیمبرگ – اینٹورپ – کراچی شامل ہے۔ یہ ہفتہ وار سروس چھ ہزار ٹی ای یو (TEU) کنٹینر جہازوں کے ساتھ 11 ہفتے (77 دن) کے عرصے میں مکمل ہو گی۔
سہیل شمس، سی ای او یونائیٹڈ میرین ایجنسیز، نے اس سروس کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا، "آئی این ایکس سروس مغربی ہندوستان اور شمالی یورپ کے درمیان ایک براہ راست سمندری رابطہ فراہم کر رہی ہے، جو صرف 11 ہفتوں میں 6,000 TEU کنٹینر جہازوں کا روٹ مکمل کرے گی۔ یہ پیشرفت خطے میں میری ٹائم تجارت اور عالمی ترسیل کے مواقع کو فروغ دے گی۔”
یونائیٹڈ میرین ایجنسیز (UMA) پاکستان میں ہنڈائی مرچنٹ میرین (HMM) کے لیے بہترین شپنگ سروسز فراہم کر رہی ہے۔ عالمی سطح پر معروف شپنگ لائنز کی نمائندگی کرتے ہوئے، یو ایم اے دنیا بھر میں مختلف اہم منازل تک کارگو ہینڈل کرتی ہے، اور پاکستان کی سمندری تجارت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ یو ایم اے لاجسٹکس کو بہتر بنانے، کنیکٹیویٹی بڑھانے اور اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالنے میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔
سہیل شمس نے مزید کہا، "یہ سروس صرف ایک سمندری راستہ نہیں ہے، بلکہ یہ ترقی، جدت اور بین الاقوامی تجارت کو آسان بنانے کے لیے ہمارے عالمی شراکت داروں کے مشترکہ عزم کی نمائندگی کرتی ہے۔ یہ اسٹریٹجک نیٹ ورک کراچی کی عالمی تجارتی مرکز کے طور پر اہمیت کو واضح کرتا ہے۔”
ایچ ایم ایم سائوتھ ویسٹ ایشیا کے چیف کمرشل پرائسنگ اینڈ مارکیٹنگ یانگ جنگمو نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور INX سروس کی عالمی تجارت میں اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کمپنی کی جانب سے قابل اعتماد اور موثر شپنگ حل فراہم کرنے کے عزم پر زور دیا۔
ایچ ایم ایم کی "انڈیا نارتھ یورپ ایکسپریس” (INX) سروس اوشین نیٹ ورک ایکسپریس (ONE) اور یونائیٹڈ میرین ایجنسیز (UMA) کے اشتراک سے شروع کی گئی ہے۔ یہ سروس لاجسٹکس کو آسان بنائے گی، روابط کو بڑھائے گی اور خطے میں اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔