ہونہار طالبہ حورین فیصل نے اے سی سی اے کاامتحان امتیازی نمبروں سے پاس کرلیا
ہونہار طالبہ حورین فیصل نے اے سی سی اے کاامتحان امتیازی نمبروں سے پاس کرلیا، عوامی، سماجی، تعلیمی، ادبی اور صحافتی حلقوں کی طرف سے مبارکباد اور نیک تمناوں کااظہار۔
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سرگودھا کی سابق نائب صدر، معروف شاعرہ ، افسانہ و سفرنامہ نگار سعدیہ ہماء شیخ ایڈووکیٹ کی صاحبزادی حورین فیصل نے اے سی سی اے (ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس) کا امتحان امتیازی حیثیت میں پاس کر لیا۔
ہونہار طالبہ حورین فیصل بیکن ہاؤس کالج لاہور کی متعلمہ ہیں۔ ان کا اب تک کا تعلیمی کیریئر شاندار کامیابیوں سے مزین ہے۔ حورین فیصل اپنی والدہ کی طرح خاندان کی پہلی لڑکی ہیں جنہوں نے اے سی سی اے میں اپنا کیریئر بنانے کا فیصلہ کیا اور کامیابی حاصل کی ۔ سعدیہ ہماء شیخ کو بھی اپنے خاندان کی پہلی خاتون وکیل ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
دریں اثناء ایڈووکیٹ سعدیہ ہماء شیخ نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ الحمدللہ ہمیں اس بات پر بڑی خوشی ہے کہ ہماری بیٹی نے اللہ تعالی کے فضل و کرم سے یہ امتحان امتیازی نمبروں سے پاس کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب اے لیول میں بیکن ہاؤس کالج سرگودھا سے ٹاپ کرنے پر حورین نے اے سی سی اے کا فیصلہ کیا تو مجھے وہ وقت یاد آگیا جب میں نے ایف ایس سی کے بعد لاء کا فیصلہ کر کے سب کو حیران کر دیا تھا۔ آج ہم والدین کو بڑا فخر ہے کہ ہماری بیٹی نے اپنا ٹاسک مکمل کر لیا ہے جو کہ ہماری فیملی کے لیے بھی ایک اعزاز کی بات ہے ۔ سعدیہ ہماء شیخ نے کہا کہ ہم والدین اللہ تبارک و تعالی کے حضور دست بدعا ہیں کہ اللہ پاک کی وم عظیم بابرکت ذات والا صفات ہماری بیٹی کا خوشیوں کا یہ سفر جاری و ساری رکھے۔
ہونہار طالبہ حورین فیصل نے کہا کہ اللہ تعالی کے خصوصی فضل و کرم سے میری پے در پے شاندار کامیابیاں میرے والدین کی دعاؤں اور میرے محنتی اساتذہ کرام کی محنت شاقہ کا ثمر ہیں۔