حراست سے فرار ہونے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

راولپنڈی پولیس کی حراست سے ہتھکڑی سمیت فرار ہونیوالا ملزم پیرودھائی کے علاقہ میں پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم رات گئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کے تبادلہ کے دوران ہلاک ہوا جبکہ اس کے دیگر دو ساتھی موقع سے فرار ہو گئے ، ملزمان نے سنیپ چیکنگ کے دوران پولیس پر فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ پولیس کےتعاقب پرملزمان نے چھتی قبرستان کے قریب پولیس پارٹی پر دوبارہ فائرنگ شروع کی، فرار ملزمان کی گرفتاری کے لئے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزم مہر علی تھانہ سٹی کے اغواء و قتل کے مقدمہ میں گرفتار تھا ، ملزم گزشتہ شام تفتیش کے دوران شواہد کی برآمدگی و نشاندہی کے دوران فرار ہوگیا تھا، ملزم مہر علی نے خالہ زاد بھائی محسن کو قتل کے بعد لاش چربی پگھلانے والے کڑاہ میں ڈال کر جلا دی تھی ۔حکام نے بتایا کہ ملزم نے مقتول کو سستے پرائز بانڈز کا جھانسہ دیکر گھر بلایا تھا ، ملزم نے مقتول کے پاس موجود 45 لاکھ روپے چھین کر اسے قتل کیا اور لاش جلا کر تلف کی تھی ، ملزم سے تفتیش کے دوران مقتول سے چھینے گئے 43 لاکھ روپے برآمد ہو چکے تھے ۔پولیس کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ ملزم کی نشاندہی پر مقتول کے زیر استعمال گاڑی بھی برآمد ہو چکی تھی، ہلاک ملزم کی لاش ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔

Exit mobile version