بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے دسمبر 2024 میں 3.07 ارب ڈالرز وطن بھیجے

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں بیرون ملک پاکستانیوں نے 33 فیصد زائد رقوم بھیجیں۔مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے دسمبر 2024 میں 3.07 ارب ڈالرز وطن بھیجے اور دسمبر 2024 کی ترسیلات دسمبر 2023 سے 29 فیصد زائد ہیں۔

اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب سے سب سے زیادہ 77 کروڑ ڈالرز اور متحدہ عرب امارات سے 63 کروڑ ڈالرز بھیجے گئے۔ اس کے علاوہ برطانیہ سے 45 کروڑ ڈالرز، یورپ سے 36 کروڑ ڈالرز اور امریکا سے 28 کروڑز ڈالر بھیجے گئے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاکستانیوں نے 33 فیصد زائد رقوم بھیجیں، پاکستانیوں نے 6 ماہ میں 17 ارب 84 کروڑ ڈالرز وطن بھیجے، جنوری سے دسمبر 2024 کی ورکرز ترسیلات 34.65 ارب ڈالر رہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2024 تک 3.1 بلین ڈالر ترسیلات آئیں جو نومبر 2024 سے 5.6 فیصد زیادہ ہے، دسمبر 2023 سے دسمبر 2024 تک ترسیلات زر میں 29.3 فیصد کا اضافہ ہوا۔

Exit mobile version