خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ایک کار پر فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔فائرنگ کا واقعہ پشاور کے علاقے تہکال میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے، جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔صوبائی دارالحکومت میں فائرنگ کی اطلاعات ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے وقوع پر پہنچ گئی۔پولیس حکام نے دعویٰ کیا کہ پشاور کے علاقے تہکال میں فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے، دو فریقین کے درمیان پرانے تنازع پر فائرنگ کی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اپستال بھیجی جارہی ہیں، جائے وقوع پر اہلکار موجود ہیں اور متعلقہ حکام نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش شروع کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد میں ذاتی دشمنیوں کا سلسلہ عام ہے، فریقین ایک دوسرے پر فائرنگ کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں ہلاکتیں رپورٹ ہوتی رہتی ہیں، ان واقعات میں شہری زخمی بھی ہوتے ہیں۔بیشتر فریقین کے درمیان تنازعات جائیداد اور پسند کی شادیوں کے بعد پیدا ہوتے ہیں، جس کے نتیجے میں دشمنی کا سلسلہ کئی نسلوں تک بھی چلتا رہتا ہے۔