صحت و صفائی کو موثر بنانے سمیت بہتری نکاسی آب کے لیے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں؛ اسسٹنٹ کمشنر تحصیل نور پورتھل
اسسٹنٹ کمشنر تحصیل نور پورتھل ڈاکٹر ہارون احمد شیراز نے کہا ہے کہ ایم سی نورپور تھل شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لا رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اے سی ہاؤس کی غربی سٹریٹ لائٹس کو چالو کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے تاکہ شہری اس سہولت سے مستفید ہو سکیں ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ شہر میں صحت و صفائی کے نظام کو موثر بنانے سمیت نکاسی ءآب کی بہتری کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں انشاءاللہ اس حوالے سے ہرگز کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
ڈاکٹر ہارون احمد شیراز نے بتایا کہ ایم این اے انجینئر ملک گل اصغرخان بگھور کی خصوصی کاوش کی وجہ سے شہریوں کی تفریح کے لیے جلد پارک کی تزئین و آرائش کا کام شروع کر دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ایم سی ڈیویلپمنٹ کمیٹی نورپور تھل کی عوامی بہبود کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔ اس موقع پر ممبر ایم سی ڈیویلپمنٹ کمیٹی نورپورتھل سیٹھ ثمر سلطان نے تحصیل انتظامیہ کی عوامی بہبود کے لیے بتدریج عملی اقدامات کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری براءے وزارت مواصلات ایم این اے انجینیئر ملک گل اصغر خان بگھور تھل کے باسیوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے پر خلوص کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے اس وقت علاقہ میں متعدد ترقیاتی سکیموں پر کام کا آغاز ہو چکا ہے ۔