سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، 4 خوارج ہلاک، ایک جوان شہید
سکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر پر فتنہ الخوارج کے گروپ کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خوارج کے ایک گروپ نے پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے خوارج کے گروپ کو ضلع خیبر کے علاقے راجگال میں پکڑ لیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ سکیورٹی فورسز نے خوارج کے گروپ کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 4 خوارج کو جہنم واصل کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خوارج سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی اہلکار نے جام شہادت نوش کیا، 22 سالہ سپاہی عامر سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے تھا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان افغان عبوری حکومت سے مسلسل مؤثر بارڈر مینجمنٹ کا تقاضا کرتا چلا آیا ہے، امید ہے عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی، افغان عبوری حکومت پاکستان کے خلاف دہشتگرد کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین استعمال نہیں ہونے دے گی۔وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کیخلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین جبکہ شہید سپاہی عامر سہیل کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔