مقبوضہ پونچھ میں بھارتی فوج کا آپریشن، تلاشی اور محاصرے کی کارروائی
کشمیریوں کا بجلی کی مسلسل غیر اعلانیہ بندش کیخلاف شدید احتجاج
مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں قابض بھارتی فورسز نے بڑا فوجی آپریشن شروع کردیا ہے ،،کپواڑہ اور ضلع راجوری میں لوگوں نے مودی حکومت کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر کی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا،کے پی آئی کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے پونچھ ضلع کے علاقے مینڈھر میں تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے۔
آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔ضلع راجوری میں لوگوں نے مودی حکومت کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر کی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ضلع کے علاقوں تھانہ منڈی، بہروٹے، بدھل، کوٹرنکا، منجاکوٹ اور درہل کے باشندوں نے علاقے میں بجلی کی مسلسل غیر اعلانیہ بندش کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ انہوںنے محکمہ بجلی سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے کو فوری طور پر حل کرے۔ مظاہرین نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ انہیں مسلسل بجلی کی بندش کا سامنا ہے، جس سے عام گھروں کے علاوہ کاروباری اداروں اور امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبا کوسخت مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کی روزمرہ کی زندگی درہم برہم کر دی ہے اور معاشی سرگرمیوں بھی سخت متاثر ہیں۔
مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر انتظامیہ نے بجلی کا مسئلہ فوری طور پر حل نہ کیا تو وہ اپنے احتجاج میں تیزی لانے پر مجبور ہونگے۔دریں اثنا ضلع کپواڑہ کے علاقے کرناہ کے مکینوں کو بھی بجلی کے شدید بحران کا سامنا ہے ، انہیں 24 گھنٹوں میں صرف چار گھنٹے بجلی ملتی ہے جسکی وجہ سے اہلیان علاقہ شدید پریشان ہیں۔کرناہ کے ٹیٹوال اور ٹنگڈار بلاکس کو بجلی کی فراہمی میں 80 فیصد کمی کا سامنا ہے۔
لوگوں کاکہنا ہے کہ انہیں بجلی کی بدترین بندش کا سامنا ہے، طلباء اور تاجر برادری خاص طور پر متاثر ہیں۔ لوگوں نے محکمہ بجلی پرزوردیاکہ وہ بجلی کا مسئلہ فوری طور پر حل کرے ورنہ وہ احتجاج کیلئے سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہونگے۔