سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر اور امپائر نذیر جونیئر لاہور میں انتقال کرگئے
سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر اور امپائر نذیر جونیئر لاہور میں انتقال کرگئے۔رپورٹ کے مطابق نذیر جونیئر گزشتہ ایک ہفتے سے شدید علیل تھے، اور لاہور کے مقامی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نذیر جونیئر کے اہل خانہ نے کہا کہ وہ چند روز سے شدید علیل تھے اور گزشتہ روز طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا تھا۔
اہل خانہ کا کہنا تھا کہ نذیر جونیئر 5 برس قبل ایک ٹریفک حادثے میں زخمی ہوئے تھے جس کے بعد ان کی طبیعت خراب رہنے لگی تھی۔سابق ٹیسٹ کرکٹر نذیر جونیئر نے پاکستان کی جانب سے 14 ٹیسٹ اور 4 ایک روزہ میچز میچز کھیلے جن میں انھوں نے مجموعی طور پر 37 وکٹیں حاصل کیں۔
اپنے امپائرنگ کریئر کے دوران نذیر جونئیر نے 15 ون ڈے اور 5 ٹیسٹ میچز میں فرائض انجام دیے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سابق قومی کرکٹر و ایمپائر نذیر جونیئر کے انتقال پر اظہار افسوس اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی وتعزیت کااظہار کیا۔
اپنے ایک بیان میں محسن نقوی نےنذیر جونیئر کی کرکٹ کے کھیل کے حوالے سے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور مرحوم کی مغفرت، سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مرحوم کے خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کرکٹ کے شعبے میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔