بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

دوسرا چار روزہ میچ : پاکستان شاہینز کے پہلی اننگز میں 5 وکٹوں پر 212 رنز

پاکستان شاہینز نے سری لنکا اے کے خلاف دوسرے چار روزہ میچ کے دوسرے دن اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں پر 212 رنز بنائے تھے۔

کپتان محمد ہریرہ صرف 4 رنز بناکر وجے سندرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئےاسوقت مجموعی اسکور16 رنز تھا۔عبدالفصیح اور علی زریاب اسکور کو 98 تک لے گئے اس موقع پر علی زریاب32 رنز بناکر دھنن جایا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

عبدالفصیح سات چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی اننگز کھیل کر گونا سیکرا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

محمد سلیمان کی 40 رنز کی اننگز کا خاتمہ ساہن نے ایل بی ڈبلیو کے ذریعے کیا۔ساہن نے اپنی دوسری کامیابی حیدر علی کو آؤٹ کرکے حاصل کی جو 35 رنز بناسکے۔
کھیل کے اختتام پر حسین طلعت 18 اور غازی غوری 5 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔

اس سے قبل سری لنکا اے کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 310 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔

مہمان ٹیم نے 293 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز شروع کی اور اسکور میں 17 رنز کا اضافہ کیا۔ وجے سندرا جو گزشتہ روز 38 رنز پر ناٹ آؤ ٹ تھے 51 رنز بناکر کاشف علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں7 چوکے اور3 چھکے شامل ہیں۔ یہ اس اننگز میں بننے والی تیسری نصف سنچری تھی۔

وجے سندرا اور دنوشا نے نویں وکٹ کی شراکت میں 61 رنز کا اضافہ کیا جو سری لنکا اے کی اس اننگز میں چوتھی نصف سنچری پارٹنرشپ تھی۔ان تمام پارٹنرشپس میں دنوشا شریک رہے ۔ وہ سات چوکوں کی مدد سے85 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

گونا سیکرا کی گرنے والی آخری وکٹ احمد بشیر نے حاصل کی۔ خرم شہزاد نے چھ وکٹیں حاصل کیں جبکہ احمد صفی عبداللہ نے دو اور احمد بشیر اور کاشف علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا اے کو شاہینز پر اب بھی 98 رنز کی برتری حاصل ہے۔

اشتہار
Back to top button