بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

ٹی ایم بی/ایزی پیسہ نے تیسری سہ ماہی میں 3.9 ارب روپے کا منافع حاصل کر لیا

ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک (ٹی ایم بی)، پاکستان کے معروف ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے پلیٹ فارم ایزی پیسہ کے آپریٹر، نے اپنے شیئر ہولڈرز، ٹیلی نار گروپ اور اینٹ گروپ (ANT Group) ، سے 10 ملین (ایک کروڑ) امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کی ہے، کیونکہ ایزی پیسہ پاکستان میں ڈیجیٹل ریٹیل بینکنگ آپریشنز شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے، جو متعلقہ ریگولیٹری منظوریوں کے تابع ہے۔

یہ سرمایہ کاری ایزی پیسہ کے جاری ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور دونوں شیئر ہولڈرز کے اس اعتماد کی عکاسی کرتی ہے کہ بینک پاکستان میں جامع مالیاتی شمولیت کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ٹی ایم بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 25 اکتوبر 2024 کو منعقدہ اپنے اجلاس میں 2024 کی تیسری سہ ماہی کے مالی نتائج کی منظوری دی۔

ٹیلی نار مائیکرو فنانس بنک نے 2024 کی تیسری سہ ماہی (جولائی تا ستمبر 2024) کے لیے سال بہ سال 374% ترقی کے ساتھ 3 ارب 90 کروڑ روپے کا ریکارڈ قبل از ٹیکس منافع حاصل کیا، جبکہ 2023 کی تیسری سہ ماہی میں یہ منافع 82 کروڑ روپے ریکارڈ کیا گیا۔2024 کی پہلی ششماہی سے لے کر تیسری سہ ماہی تک شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رہا، جس میں منافع میں اضافہ بنیادی طور پر ڈیجیٹل قرضے کے حجم میں مضبوط ترقی، ڈپازٹس میں اضافہ، اور برانچ لیس بینکنگ کی آمدنی کی بہتری کے ساتھ ساتھ بلند شرحِ سود کی مدد سے ممکن ہوا۔

بینک کی نیٹ مارک اپ اور نان مارک اپ آمدنی میں بالترتیب 69 فیصد اور 38 فیصد اضافہ ہوا۔ بینک نے 30 اعشاریہ 9 فیصد کا مضبوط کیپیٹل ایڈیکویسی ریشو (CAR) بھی برقرار رکھا، جو ایک مشکل اقتصادی صورتحال میں آپریشنل ترقی کو برقرار رکھنے کی اس کی صلاحیت کا ثبوت ہے۔ یہ مسلسل تیسری سہ ماہی ہے جس میں ٹی ایم بی نے ایک ارب روپے یا اس سے زیادہ کا منافع پوسٹ کیا ہے۔

ٹیلی نار مائیکرو فنانس / ایزی پیسہ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین عرفان وہاب خان نے اس شاندار کارکردگی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہو کہا کہ "ڈیجیٹل پاکستان کی ترقی کے لیے ہمارا عزم پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔ شاندار مالی نتائج جو پائیدار ترقی کو اجاگر کرتے ہیں، کے ساتھ ایزی پیسہ ایک جدید پلیٹ فارم کے طور پر ابھر رہا ہے جو ڈیجیٹل مالیات کے میدان میں سبقت لے کر پاکستان میں بینکنگ کے طریقوں کو ایک بار پھر تبدیل کرنے کے لیے تیار ہے۔ ہم پاکستان کے مالیاتی شعبے کی ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل میں شراکت داری پر فخر محسوس کرتے ہیں، جس سے انقلابی ڈیجیٹل مالیاتی حل کے ذریعے مالیاتی سہولیات ان تک بھی پہنچا رہے ہیں جہاں عام بنک مالیاتی سہولیات فراہم کرنے سے قاصر ہیں”۔

اینٹ انٹرنیشنل کے صدر اور اینٹ گروپ کے سینئر نائب صدر ڈگلس فیگن، جو ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک/ایزی پیسہ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن بھی ہیں، نے اس موقع پر کہا: "حالیہ ایکویٹی سرمایہ کاری پاکستان کے مالیاتی نظام کے لیے ہماری طویل مدتی وابستگی کی تصدیق کرتی ہے۔ ہمیں ایزی پیسہ کے زریعے لاکھوں پاکستانیوں کو ڈیجیٹل مالی شمولیت اور جدید بینکنگ کے ذریعے بااختیار بنانے کے سفر پر خوشی ہے۔”

مسٹر فیگن، جنہوں نے اس سرمایہ کاری کی تصدیق کے لیے پاکستان کا دورہ کیا، نے مقامی شراکت داروں اور حکومتی عہدیداروں کے ساتھ متعدد ملاقاتیں بھی کیں تاکہ پاکستان میں مالیاتی شمولیت اور ڈیجیٹلائزیشن کو جاری رکھنے اور وسعت دینے کے لیے اینٹ انٹرنیشنل کی اسٹریٹجک حمایت کو مضبوط کیا جا سکے۔ مسٹر ڈگلس فیگن نے ایزی پیسہ کی لیڈرشپ کے ساتھ وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ اور گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان جمیل احمد سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔

ٹیلی نار مائیکرو فنانس /ایزی پیسہ کے سی ای او اور صدر، جہانزیب خان نے آنٹ گروپ کی جانب سے دس ملین ڈالر کی سرمایہ کاری اور تیسری سہ ماہی کے شاندار نتائج کےاعلان کے موقع پر کہا کہ ” یہ سرمایہ کاری ہمارے مشن کے لیے ہمارے شیئر ہولڈرز کے عزم کی تصدیق کرتی ہے۔ حالیہ سرمایہ کاری، اسٹریٹجک تبادلہ خیال اور تیسری سہ ماہی 2024 کی کامیابی سب مل کر ہماری ڈیجیٹل خدمات کو وسعت دینے اور پاکستان میں مالی شمولیت کو آگے بڑھانے کی صلاحیت کو مضبوط کرتی ہیں۔ اس مضبوط حمایت کے ساتھ، ہم اپنی ڈیجیٹل ریٹیل بینکنگ کی پیشرفت کو جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں اور لاکھوں پاکستانیوں کو جدید مالیاتی حل فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔”
بینک کو 2018 سے اب تک اپنے شیئر ہولڈرز سے کل 319 ملین امریکی ڈالر (52 ارب روپے) کی ایکویٹی سرمایہ کاری موصول ہوئی ہے۔

مضبوط منافع اور شیئر ہولڈرز کی سرمایہ کاری مزید کیپیٹل ایڈیکویسی ریشو کو مضبوط کرے گی، بینک کی بیلنس شیٹ کو مستحکم کرے گی اور لوگوں، نظام، اور عمل میں مزید سرمایہ کاری کو قابل بنائے گی تاکہ بینک کی مصنوعات کی پیشکش کو بہتر بنایا جا سکے اور صارف کے تجربے کو بلند کیا جا سکے۔

2023 میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے ڈیجیٹل ریٹیل بینک لائسنس کے لیے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ اور ان پرنسپل منظوری حاصل کرنے کے بعد، ایزی پیسہ 45 ملین سے زائد رجسٹرڈ اکاؤنٹس تک پہنچ چکا ہے، یعنی ہر چار میں سے ایک پاکستانی بالغ کے پاس ایزی پیسہ اکاؤنٹ ہے۔

ٹیکنالوجی اور تعاون کو استعمال کرتے ہوئے، ٹی ایم بی/ایزی پیسہ مالی شمولیت کو فروغ دینے اور لاکھوں پاکستانیوں کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اشتہار
Back to top button