نجی کالج میں طالبہ کے ساتھ مبینہ ریپ کی پولیس کے بعد اس کے اہلخانہ کی بھی تردید
لاہور کے نجی کالج میں طالبہ کے ساتھ مبینہ ریپ کی پولیس کے بعد ان کے اہلخانہ نے بھی تردید کردی، متاثرہ لڑکی کے مبینہ والد نے اے ایس پی شہربانو کے ہمراہ ویڈیو بیان میں کہا کہ ہماری بچی گھر کی سیڑھیوں سے گرگئی تھی۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے نجی کالج کی طالبہ کے مبینہ ریپ کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی اور ان الزامات پر ایک سیکیورٹی گارڈ کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔
طالبہ سے مبینہ زیادتی کے خلاف کالج کے کیمپس کے طلبہ کا احتجاج پرتشدد شکل اختیار کر گیا، جلاؤ گھیراؤ اور تصادم کے نتیجے میں 28 افراد زخمی ہوئے جب کہ مظاہرین متاثرہ طالبہ کو انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کرتے رہے۔احتجاج کرنے والے طلبہ اس موقف پر قائم ہیں کہ ایک نوجوان طالبہ کا مبینہ طور پر ریپ کیا گیا اور کالج کے پرنسپل پر حقائق چھپانے کی کوشش کررہے ہیں۔
تاہم، مختلف سرکاری عہدیداروں کے درمیان واقعے سے متعلق اختلاف نظر آیا کہ آیا طالبہ کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے یا نہیں۔وزیر اطلاعات ونشریات پنجاب عظمیٰ بخاری اور پولیس کا ماننا ہے کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی ان خبروں کے بعد حکام نے اس نام کی تمام لڑکیوں کے گھروں میں پوچھ کچھ کی گئی لیکن ان سب نے اس بات سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔