سینیئر اداکار عابد کشمیری انتقال کر گئے
سینیئر اداکار عابد کشمیری کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔عابد قریشی کچھ عرصے سے علیل تھے اور ان کا علاج جاری تھی، انہوں نے 11 اکتوبر کو آخری سانسیں لیں۔عابد کشمیری نے پسماندگان میں دو بیٹیاں اور دو بیٹے چھوڑے ہیں، ان کی شریک حیات پہلے ہی وفات پا چکی ہیں ۔سینیئر اداکار 1950 میں پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں نے کم عمری میں ہی اداکاری کا آغاز کیا۔
عابد کشمیری نے اسٹیج سمیت ریڈیو اور ٹیلی وژن پر بڑے پیمانے پر کام کیا، انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے ڈراموں کا آغاز کیا تھا۔سینیئر اداکار نے درجنوں فلموں میں بھی کام کیا، انہوں نے فلموں میں خصوصی طور پر معاون اداکار کے علاوہ کامیڈین کے کردار ادا کیے اور انہیں پہلا نگار ایوارڈ بھی 1980 میں ’بازار حسن‘ نامی فلم میں کامیڈی کردار ادا کرنے پر دیا گیا۔عابد کشمیری شاندار اداکاری پر پی ٹی وی کے علاوہ دیگر اداروں کے ایوارڈز بھی جیت چکے تھے۔
انہوں نے درجنوں ڈراموں میں کام کیا، ان کے چند مشہور ڈراموں میں ’لوہاری گیٹ، سورج کے ساتھ ساتھ، تیسرا کنارہ اور اپنے لوگ‘ سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں۔ان کے انتقال پر گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت شوبز شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی موت کو شوبز کے لیے بہت بڑا نقصان بھی قرار دیا۔