بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ پاکستان سے منتقل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹیو جیوف ایلارڈائس نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں ہی ہوگی اور آئی سی سی کا اس ٹورنامنٹ کو کسی اور جگہ منتقل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ویمز ٹی20 ورلڈکپ کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے دوران ایک سوال کے جواب میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیوف ایلارڈائس نے کہا کہ ابھی تک تو چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کا اگلے سال پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کو وہاں سے منتقل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے کیوں کہ اب تک کسی بھی ٹیم کی جانب سے یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں کھیلنے سے متعلق کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے تمام رکن ممالک کے باقاعدہ دورے کرتا رہا ہے لہذا چیمپئنزٹرافی 2025 پاکستان میں ہونا کوئی مشکل بات نہیں ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کی یقین دہانی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مطمئن ہوگا تاہم اب منصوبہ بندی بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو کرنے کی ضرورت ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی بورڈ کے پاس اب دو آپشن ہوں گے، یا تو وہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کھیلے یا ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ گوتم گمبھیر اور بی سی سی آئی یہ ایونٹ کھیلنا چاہتے ہیں تاہم یہ معاملہ حکومت کے پاس ہے کہ وہ اس پر کیا موقف اختیار کرتے ہیں۔

اشتہار
Back to top button