بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

دفاع پاکستان کے حوالے سے لاہور میوزیم میں خصوصی نمائش کا انعقاد

نمائش میں 1965 کی جنگ کے ہیروز کی تصاویر اور پاک فوج کی جانب سے دیے جانے والے تمغے شامل

دفاع پاکستان کے حوالے سے لاہور میوزیم میں ایک خصوصی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح سیکرٹری سیاحت، آثار قدیمہ و میوزیم فرید احمد تارڑ نے کیا۔

نمائش میں 1965 کی جنگ کے ہیروز کی تصاویر اور پاک فوج کی جانب سے دیے جانے والے تمغے شامل تھے۔ نمائش میں نشان حیدر حاصل کرنے والے شہدا کی تصاویر شائقین کی خصوصی دلچسپی کا مرکز رہیں۔

ملک و قوم پر اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرنے والے ملت کے ان جان نثاروں کی بہادری کے کارناموں میں ملکی و غیرملکی سیاحوں نے بڑی دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور پاک فوج کی قوم کیلئے کی دی جانے والی بیش قیمت قربانیوں کو سراہا۔

نمائش میں انیس سو پینسٹھ کی جنگ کے دوران شائع ہونے والی اخبارات کی تاریخی خبریں بھی رکھی گئیں، جو اس دور کے حالات اور قوم کے جذبے کو زندہ کرتی ہیں۔

نمائش کا بنیادی مقصد نوجوان نسل میں وطن عزیز کے لیے محبت اور جذبہ حب الوطنی کو فروغ دینا ہے۔

تقریب میں مختلف یونیورسٹیوں کے طلبا نے جذبہ حب الوطنی سے بھرپور ملی نغمے پیش کیے، جس سے تقریب کا جوش و خروش دوچند ہو گیا۔

سیکرٹری سیاحت فرید احمد تارڑ نے اس موقع پر کہا  "آج کی نمائش انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی یاد میں سجائی گئی ہے۔ پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے ہمارے قومی ہیرو ہیں اور ان کو خراج تحسین پیش کرنے کی ایک کوشش اس نمائش کے ذریعے کی گئی ہے۔”

انہوں نے مزید کہا "ہماری نوجوان نسل کو ان عظیم قربانیوں کو یاد رکھ کر ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ قائم رکھنا ہو گا تاکہ وطن عزیز ہمیشہ محفوظ اور ترقی کی راہ پر گامزن رہے۔”

اس نمائش نے نوجوانوں اور شہریوں کو جنگ کے ہیروز کی قربانیوں کی یاد تازہ کرنے اور ملک کے دفاع کے حوالے سے ان کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ نمائش میں شامل تمام مواد نے قوم کی تاریخ کے اس اہم باب کو موثر انداز میں پیش کیا، جس سے شرکاء کو وطن کی عظمت کا احساس دلایا گیا۔

یہ نمائش تین روز تک جاری رہے گی۔

اشتہار
Back to top button