صدر، وزیر اعظم کا ملکی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے غیر متزلز عزم کا اظہار
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تمام خطرات کے خلاف مادر وطن کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا ہے۔
یوم دفاع و شہدا کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج چوکس اور کسی بھی چیلنج کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے غازیوں اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے بے پناہ قربانیاں دیں اور بہادری سے بیرونی جارحیت کے خلاف ملک کا دفاع کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور تمام پڑوسیوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کے لیے پرعزم ہے۔
تاہم پائیدار امن تب ہی ممکن ہے جب کشمیری عوام کے مصائب کا خاتمہ ہو۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں دھرتی کے بہادر بیٹوں اور مسلح افواج کے بہادر ہیروز کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے 1965 میں آج ہی کے دن بین الاقوامی سرحد پار سے پاکستان پر حملہ کرنے والے بھارت کو بے خوفی سے لڑا اور شکست دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازعات پر مذاکرات اور تصادم پر تعاون پر یقین رکھتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک ایسا ماحول بنانا ہے جہاں تمام قومیں خوشحال ہو سکیں اور غربت صحت اور تعلیم جیسے مسائل کو حل کر سکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فوری حل کی ضرورت ہے۔