بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

یومِ دفاع پاکستان ہر سال 6 ستمبر کو کشمیر اور پاکستان میں ایک قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے؛ ترجمان اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین جناب عبدالصمدانقلابی نے کہا ہے کہ 6ستمبر 1965ء کا دن عسکری اعتبار سے تاریخ عالم میں کبھی نہ بھولنے والا قابلِ فخردن ہے جب کئی گنا بڑے ملک نے افرادی تعداد میں کئی گنا زیادہ لشکر اور دفاعی وسائل کے ساتھ اپنے چھوٹے سے پڑوسی ملک پر کسی اعلان کے بغیر رات کے اندھیرے میں فوجی حملہ کر دیا۔

چیئرمین نے کہا ہے کہ اس چھوٹے مگر غیور اور متحد ملک نے اپنے دشمن ملک کے جنگی حملہ کا اس پامردی اور جانثاری سے مقابلہ کیا کہ دشمن کے سارے عزائم خاک میں مل گئے۔ چیئرمین نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر بھی اسے بھارت کو شرمندگی اٹھانا پڑی ہے اور آئندہ بھی اٹھائے گا۔ 1965ء کی اس پاک بھارت جنگ میں ثابت ہوا کہ جنگیں ریاستی عوام اور فوج متحد ہو کر ہی لڑی اور جیتی جاسکتی ہیں۔

چیئرمین نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہر سال 6 ستمبر کو”یوم دفاع پاکستان“ کے طور پر منایا جاتا ہے۔

چیئرمین نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا دن کشمیر کے لوگوں کو یہ یقین دلاتا ہے کہ مملکت خدا داد پاکستان اتنا طاقتور ہے کہ جنگ میں بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر سکتا ہے۔

چیئرمین نے پاک فوج کو اقبال کے شاہینوں سے تشبیہ دے کر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ اپنی سرزمین کی فضاؤں اور بحر و بر کی اچھی طرح حفاظت کی ہے۔

عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا اور مملکت خدا داد پاکستان کا قدرتی اور ناقابل تنسیخ حصہ بنےگا (ان شاء اللہ تعالیٰ) چیئرمین نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے کے حوالے سے اپنا مذموم ایجنڈہ ترک کرے اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و ترقی کے لئے مقبوضہ کشمیر سے فوجی انخلا کرے۔

اشتہار
Back to top button