کشمیر ایک جیل ہے اور ہم سب اس میں قید ہیں، عبدالصمد انقلابی
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ بھارت کی غلامی سے مکمل آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ یہ ایک مذہب یا فرقے کی نہیں بلکہ متنازعہ خطہ کے تمام لوگوں کی مشترکہ تحریک ہے۔ ہمارے پرامن پروگراموں کو قابض فوج اور ان کے مقامی ایجنٹ طاقت اور دھونس دباؤ سے روک کر خود ہی خرمن امن میں آگ لگاتے ہیں اور الٹا الزام ہمارے معصوم جوانوں پر لگاتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین اسلامی تنظیم آزادی پیر عبدالصمد انقلابی نے سری نگر سے جاری اخبارات کے نام ایک تحریری بیان میں کہا کہ یہ خطہ ایک بہت بڑے جیل خانے کا منظر پیش کررہا ہے، جہاں عوام کو ہر قدم پر فوج اور پولیس کی زیادتیوں اور ان کی من مانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جمہوریت کے کھوکھلے دعووں کی اس سے بڑھ کر اور کیا تذلیل ہوسکتی ہے کہ ہم بغیر کسی بندوق یا ڈنڈے کے، مقبوضہ جموں کشمیر میں شہید ہوئے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی غرض سے نکلتے ہیں، لیکن یہاں اٹھنے والی حق وصداقت کی ہر آواز کو طاقت کے ذریعے دبانے کی روایت ہے اور آج بھی اسی روایت کو برقرار رکھ کر ہمیں مقبوضہ جموں کشمیر میں کسی بھی علاقہ جانے سے روکتے ہیں۔