نام نہاد انتخابات حق خودارادیت کا ہرگز نعم البدل نہیں، عبدالصمد انقلابی
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں کشمیر میں نام نہاد انتخابی ڈراموں کی بجائے مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور مستقل حل کیلئے ماحول کو سازگار بنائے۔ ترجمان کے مطابق کے سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے اپنے تحریری پیغام میں مقبوضہ جموں کشمیر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی انتخابی مشق حق خودارادیت کا ہرگز نعم البدل نہیں۔ انہوں نے کہا ہے کشمیر ایک حل طلب سیاسی مسئلہ ہے جسے طاقت کی بجائے تینوں فریقوں کشمیریوں، بھارت اور پاکستان کے درمیان افہام و تفہیم اور با معنی مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔
سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ کشمیریوں کا واحد مطالبہ حق خود ارادیت کی فراہمی ہے اور انہیں اسمبلی انتخابات سے کچھ لینا دینا نہیں۔ عبدالصمد انقلابی نے جموں کشمیر سے متعلق بھارتی حکمرانوں کے غیر حقیقت پسندانہ اور ہٹ دھرمی پر مبنی رویے پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کو یہ جان لینا چاہیے کہ وہ جارحانہ پالیسوں کے ذریعے زمینی حقائق تبدیل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے ہی مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن چکا ہے اور کشمیری عوام عظیم قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام بھارتی حکمرانوں اور مقبوضہ علاقے میں ان کے آلہ کاروں کے کھوکھلے نعروں کو رد کر چکے ہیں اور وہ غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت کے مطالبے کی پاداش میں حریت رہنماﺅں اور کارکنوں سمیت اس وقت ہزاروں کشمیری جیلوں میں نظربند ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ جموں کشمیر کو مکمل طور پر ایک فوجی چھاﺅنی میں تبدیل کر کے کشمیریوں کے سارے حقوق سلب کر لیے ہیں۔