صدر، وزیراعظم و دیگر کی موسیٰ خیل میں مسافروں کے بہیمانہ قتل کی مذمت
وزیراعظم نے انتظامیہ کو لواحقین کیساتھ تعاون اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں شہباز شریف سمیت دیگر شخصیات نے موسیٰ خیل میں مسافروں کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے نے دہشت گردوں کے حملے میں قیمتی اِنسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ انسانوں کا ظالمانہ قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم اور انسانیت کے دشمن ہیں، معصوم شہریوں کے انسانیت سوز قتل میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا۔صدر مملکت نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔
آصف علی زرداری نے واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھی موسیٰ خیل میں مسافر بس پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی گئی۔وزیراعظم نے مقامی انتظامیہ کو لواحقین کے ساتھ مکمل تعاون اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعہ کی فوری تحقیقات کا بھی حکم دیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ اس واقعہ کے ذمہ دار دہشتگردوں کو قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی، ملک میں کسی بھی قسم کی دہشتگردی قطعاً قبول نہیں، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔ وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 23 بے گناہ افراد کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردی کے بدترین واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ موسیٰ خیل کے قریب دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بناکر ظلم کا مظاہرہ کیا، سفاکیت اور ظلم کی انتہا کی گئی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور سہولت کار عبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے، دہشت گردی کی جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ زندگی کے ہر طبقے نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے موسیٰ خیل کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ موسیٰ خیل کا علاوہ ڈیرہ غازی خان سے ملتا ہے اور چھوٹی شاہراہوں پر عموماً اتنی زیادہ سکیورٹی نہیں ہوتی، دہشتگردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مسافروں کو قتل کیا۔