بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

کشمیری ایک روز ضرور بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کریں گے، پیر عبدالصمد انقلابی

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین پیر عبدالصمد انقلابی نے سرینگر میں جاری اخبارات کے نام ایک تحریری بیان میں مودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری وحشیانہ مظالم اور ناانصافیوں میں اضافے پر تشویش کا اظہارکیا۔

انہوں نے کہا کہ محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران بے گناہ لوگوں کی گرفتاریاں اور دیگر مظالم کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکیں گے۔ سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد آزادی کو مکمل کامیابی تک جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کررکھا ہے۔

انہوں نے مقبوضہ جموں کشمیر اور بھارت کی دیگر ہزاروں میل دوردراز جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند تمام حریت پسند وں کی حالت زار پر تشویش اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے اور مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری جنگی جرائم کی تحقیقات کرائے تاکہ مجرم اہلکاروں کو سزا دی جا سکے۔

اشتہار
Back to top button