علاقہ کے تمام پسماندہ اور دور افتادہ مواضعات میں صحت، تعلیم اور سڑکوں سمیت بہترین انفراسٹریکچر کی سہولیات فراہم کرنا ملک گل اصغر خان کی ترجیحات ہیں
ممبر قومی اسمبلی انجینیئر ملک گل اصغر خان بگھور کے والد، نامور سماجی شخصیت، حاجی ملک فتح خان بگھور کی نورپورتھل پریس کلب کے سینیئر اراکین کے ساتھ خصوصی نشست
ممبر قومی اسمبلی انجینیئر ملک گل اصغر خان بگھور کے والد نامور سماجی شخصیت حاجی ملک فتح خان بگھور نے کہا ہے کہ انجئنیر ملک گل اصغرخان بگھور اپنے حلقۂ نیابت کے عوام کی بے لوث خدمت کے لیے بھرپور کوشاں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نورپورتھل پریس کلب کے سینیئر اراکین کے ساتھ خصوصی نشست کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ کے عوام کی اجتماعی تعمیر و ترقی اور لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنا ملک گل اصغر خان کی ترجیحات ہیں۔ وہ سیاست کے میدان میں عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کرآئے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ علاقہ کے تمام پسماندہ اور دور افتادہ مواضعات میں صحت، تعلیم اور سڑکوں سمیت بہترین انفراسٹریکچر کی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ عوام کے دیرینہ مسائل حل ہو سکیں اور ہمارے علاقے بھی تیزی سے ترقی کی منازل طے کریں۔
حاجی ملک فتح خان بگھور نے کہا کہ انجینئر ملک گل اصغر خان کی یہ خواہش ہے کہ اپنے حلقہ کے باسیوں کو سوئی گیس کی سہولت فراہم کریں۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال نورپورتھل سمیت دیگر طبی مراکز میں صحت عامہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ علاقہ میں یونیورسٹی کا قیام عمل میں لا کر یہاں کے بچوں اور بچیوں کو مقامی سطح پر اعلی ا تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر کیے جائیں۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا سب آفس کا قیام عمل میں لایا جائے۔ کسانوں کے مسائل حل کیے جائیں تاکہ وہ زراعت کے فروغ کے لیے اپنا اہم کردار ادا کر سکیں اور ان کو معاشی طور پر خوشحالی اورآسودگی میسر ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم این اے انجینئر ملک گل اصغر صوبائی اور وفاقی حکومتوں سے علاقائی تعمیر و ترقی کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز حاصل کرنے کے لیے پر خلوص کوشش کر رہے ہیں انشاءاللہ انہیں اس حوالے سے کامیابی حاصل ہوگی اور وہ علاقہ کے عوام سے کیے گئے وعدوں پر بتدریج عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔
ملک حاجی فتح خان بگھور نے کہا کہ انجینئر ملک گل اصغر خان نے عوامی سہولت کے لیے پاکستان ہاؤس آدھی کوٹ اور پاکستان ہاؤس نور پور تھل میں پبلک فورمز کا قیام عمل میں لایا ہے جہاں پر اہلیان علاقہ کی خدمت کے لیے نامزد کردہ ذمہ داران موجود ہوتے ہیں تاکہ مختلف دفاتر سے متعلقہ کاموں کےلیے لوگوں کو سہولت فراہم جائے خصوصاً دور دراز کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔
ممبر قومی اسمبلی کے والد نے کہا کہ ہماری پوری ٹیم عوامی خدمت کے لیے شب و روز جدجہد کررہی ہے اور ملک گل اصغر خان کے دل میں علاقہ کی بہتری کے لئے کچھ کرنے کا جزبہ موجزن ہے انشااللہ جتنا وقت ملا اپنی تمام تر صلاحیتیں علاقہ کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لئے استعمال کریں گے۔
ملک حاجی فتح خان بگھور نے کہا کہ ایم این اے انجینئر ملک گل اصغر خان نے اپنے پبلک فورمز کے انچارجز انجینیئر ملک طاہر ندیم بگھور اور ملک گلداد خان بگھور کو عوامی خدمت کے لیے ضروری ذمہ داریاں تفویض کر دی ہیں۔ انشاءاللہ اس حوالے سے وہ ہرگز کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔