سانحہ پیلووینس: میڈیا کو خصوصی بریفنگ
اسسٹنٹ کمشنرتحصیل نورپور تھل ڈاکٹر ہارون احمد شیراز کا سانحہ پیلووینس پر دلی افسوس
اسسٹنٹ کمشنرتحصیل نورپور تھل ڈاکٹر ہارون احمد شیراز نے کہا ہے کہ سانحہ پیلووینس پر دلی افسوس ہے اور غم زدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا کو خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔
انہوں نے بتایا کہ مورخہ 16 جولائی کو چشمہ جہلم لنک کینال میں کشتی الٹنے کے اس افسوسناک واقعہ میں نہر میں دس بچے ڈوب گئے تھے۔ واٹر ریسکیوٹیموں کی بروقت کارروائی کی وجہ سے چار بچوں کو بحفاظت فوری طورپر ریسکیو کرلیاگیا جبکہ مسلسل ایک ہفتہ سے بھی زائد جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کےدوران پانچ بچوں کی نعشیں نہر سے نکال کر ورثاء کے حوالے کی گئیں اور ریسکیو اور پاک نیوی کی غوطہ خور ٹیموں کی کئی روزتک انتھک کوشش کے باوجود ایک آفتاب نامی بچے کی نعش ابھی تک نہیں مل سکی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ سانحہ پیلووینس میں ریسکیو 1122 اور پاک نیوی غوطہ خور ٹیموں کا کردار قابل صدستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کرے چھٹے بچے کی نعش بھی مل جائے۔
ڈاکٹر ہارون احمد شیراز نے والدین پر زور دیا کہ ایسے ناخوشگوار واقعات سے اپنے بچوں کو محفوظ رکھنے کےلیے ان کا خصوصی خیال رکھا کریں۔