موڈیز کا پاکستان کے اقتصادی اقدامات پر اعتماد کا اظہار
عالمی معاشی ریٹنگ ایجنسی ’موڈیز‘ کے نمائندوں نے مضبوط مالیاتی اصلاحات اور اسٹریٹجک اقدامات کے ذریعے پاکستان کے اقتصادی اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فنانس ڈویژن میں موڈیز کے نمائندوں سے زوم میٹنگ کی۔ اجلاس میں وزارت کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔وفاقی وزیر خزانہ نے اجلاس کا آغاز پاکستان کے معاشی نقطہ نظر کے بارے میں بریفنگ دے کر کیا۔
انہوں نے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو 9 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کرنے، 12.6 فیصد پر مستحکم افراط زر اور غیر ملکی ترسیلات میں 7.7 فیصد کے زبردست اضافے پر روشنی ڈالی۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ مالی سال 2024 میں ٹیکس وصولی میں 30 فیصد اضافہ کیا جائے گا اور ٹیکس کی وصولی کو وسیع پیمانے پر مؤثر بنایا جائے گا جس میں ایف بی آر میں نئے زرعی ٹیکس اور ڈیجیٹل اقدامات شامل ہیں۔
انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ ایک لاکھ 50 ہزار سے زیادہ خوردہ فروشوں نے پہلی بار ٹیکس دہندگان کے طور پر اندراج کرایا ہے جو ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کی طرف ایک اہم پیشرفت ہے۔وزیر خزانہ نے آپریشنل کارکردگی اور گورننس کو بہتر بنانے کے لیے توانائی کے شعبے اور سرکاری اداروں میں جاری اصلاحات پر زور دیا، جس میں نجکاری اور حقوق سازی کی کوششیں شامل ہیں۔موڈیز کے نمائندوں نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے جامع بریفنگ کو سراہا اور مضبوط مالیاتی اصلاحات اور اسٹریٹجک اقدامات کے ذریعے پاکستان کی اقتصادی اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔