19جولائی جموں کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے۔ اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین عبدالصمدانقلابی
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین جناب پیرعبدالصمدانقلابی نے 19 جولائی کو جموں کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وہ تاریخی تاریخ ہے جب جموں کشمیر کے لوگوں کی مسلمہ قیادت نے متفقہ طور پر اپنے مستقبل کو ابھی پیدا ہونے والی ریاست پاکستان سے جوڑنے کا فیصلہ کیا۔
عبدالصمدانقلابی نے کہا ہے کہ الحاق پاکستان کی قرارداد جموں کشمیر کے لوگوں کی پاکستان سے غیر مشروط محبت کا ثبوت ہے۔ یوم الحاق جموں کشمیر کے موقع پر جاری ہونے والےاپنے پیغام میں عبدالصمدانقلابی نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ 19 جولائی جموں کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے جب جموں کشمیر کے لوگوں کے حقیقی نمائندوں نے 19جولائی 1947ء کو سرینگر کے علاقے آبی گزر میں آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے رہنما سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر جموں کشمیر کے پاکستان کیساتھ الحاق کی قرارداد منظور کی تھی۔
عبدالصمدانقلابی نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے لوگ پاکستان کے ساتھ اپنی محبت اور سیاسی مستقبل کی وابستگی کے اظہار کیلئے ہر سال 19 جولائی کو یوم الحاق پاکستان کے طور پر بھر پور طریقے سے مناتے ہیں اور الحاق پاکستان کی قرارداد جموں کشمیر کے لوگوں کی پاکستان سے غیر مشروط محبت کا ثبوت ہے، جموں کشمیر کے لوگ روز اول ہی سے مملکت خداداد پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں جس کا اظہار شہیدوں کی سبز پرچم میں تدفین ، مظاہروں میں پاکستانی پرچم لہرانا ، پاکستان سے رشتہ کیا لالہ الااللہ محمدرسول اللہﷺ کے نعرے اور 1947ء سے آج تک 2024ء تک پاکستان کے ہر قومی دن کو جوش و جذبے سے منانا شامل ھے انہوں نے کہا ہے کہ بھارت یا کوئی اور طاقت جموں کشمیر کے لوگوں کے دلوں سے یہ محبت ختم نہیں کرسکتی۔
اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین و سیئنر حریت رہنما عبدالصمدانقلابی نے کہا ہے کہ جموں کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ایک روز ضرور ختم ہو گا اور جموں کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا، (انشاءاللہ تعالیٰ) جموں کشمیر کے لوگوں کی بے مثال قربانیوں کو سراہتے ہوئے عبدالصمدانقلابی نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے لوگوں نے بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر قتل و غارت، ہلاکتیں اور تباہی دیکھی ہے، حق خودارادیت کے لیے تین دہائیوں سے زائد کی طویل جدوجہد کے دوران لاکھوں افراد کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور انہیں معذور بنا دیا گیا جبکہ بھارتی قابض فوجیوں کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روز کا معمول بن چکی ہیں۔
اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین عبدالصمدانقلابی نے عالمی ضمیر کی جموں کشمیر کے لوگوں کے خلاف بھارت کی ریاستی دہشت گردی پر خاموشی پر افسوس ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ انصا ف پسند اقوام کو اب آگے آکر اپنا کردار اداکرنا چاہیے اور جموں کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کے لئے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرکے خطے کے پائیدار امن کو یقینی بنانا چاہیے، جموں کشمیر کے لوگوں کی جاری جدوجہد کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیرکےچیئرمین عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب جموں کشمیر پر بھارت کا غیرقانونی قبضہ ختم ہوکر جموں کشمیر کے لوگوں کی آزادی کا اپنا اہم مقصد حاصل کریں گے۔