انگلش فاسٹ بائولر جیمز اینڈرسن نے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا
لندن (سی این پی )اپنی سوئنگ بولنگ سے بیٹرز کو پریشان کرنے والے انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن ریٹائر ہوگئے۔ جیمز اینڈرسن نے کریئر کے آخری ٹیسٹ میں 4 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے مجموعی طور پر 188 ٹیسٹ میں 704 وکٹیں حاصل کیں، وہ 700 سے زائد وکٹیں لینے والے تیسرے بولربنے۔41 سالہ جیمز اینڈرسن نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طورپر 991 شکار کیے۔انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کا ڈیبیو 2002 میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچ سے ہوا، انہوں نے سوئنگ بولنگ سے 2003 کے ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف 4 وکٹیں لے کر دنیا کی توجہ حاصل کی۔
20 سال کی عمر میں جیمز اینڈرسن کے ٹیسٹ کریئر کا آغاز 2003 میں زمبابوے کے خلاف لارڈز کے میدان میں ہوا جہاں انہوں نے پہلی اننگ میں 73 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 12 جولائی 2024 کو اسی میدان میں ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری ٹیسٹ بھی کھیلا، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں نے قطار بنا کر جمی کو گارڈ آف آنرپیش کیا، جبکہ شائقین نے کھڑے ہوکر تالیوں کی گونچ میں انہیں الوداع کیا۔جیمز ایڈرسن نے 194 ون ڈے میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کی اور 269 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 2007 سے 2009 تک 19 ٹی20 انٹرنیشنلز میں 18 وکٹیں حاصل کیں۔ 21 سالہ طویل کریئر میں جمی اینڈرسن نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طورپر 991 وکٹیں حاصل کیں۔