ڈیجیٹل ادائیگی میں سہولت، Paysys Labs کا رقمی اسلامک ڈیجیٹل بینک پاکستان سے اشتراک
اسلام آباد، پاکستان، 12 جولائی، 2024: رقمی اسلامک ڈیجیٹل بینک پاکستان نے معروف پیمنٹ ٹیکنالوجی کمپنی Paysys Labs پرائیویٹ لمیٹڈ سے شراکت داری کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگی کے منظر نامے میں انقلاب لانا ہے۔
اس اشتراک کا مقصد RAAST جیسے فوری ادائیگی کے نظام سے مربوط ایک جدید ڈیجیٹل ادائیگی کا حل تیار کرنا ہے۔ Paysys Labs جو ادائیگی کی جدید ٹیکنالوجیز تیار کرنے میں اپنی مہارت کے لیے مشہور ہے، رقمی کی ڈیجیٹل ادائیگی خدمات میں اضافے اور اس بات کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی کہ اس کے صارفین ڈیجیٹل بینکنگ خصوصیات اور خدمات کی ایک وسیع دنیا تک بغیر کسی رکاوٹ کے محفوظ رسائی حاصل کرسکیں۔
رقمی اسلامی ڈیجیٹل بینک پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسرعمیر اعجاز نے اس شراکت داری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، ”رقمی ڈیجیٹل بینک میں ہمارا مشن عوام کو بااختیار بنانے والے جدید بینکاری سلوشنز فراہم کرکے پاکستان کی ترقی کی رفتار کو تیز کرنا ہے۔ ہمارا مقصد صارفین کو غیرمعمولی خدمات فراہم کرنا اور سب کے لیے مالیاتی رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ Paysys Labs کے ساتھ یہ اشتراک ڈیجیٹل دور کے لیے تیار کردہ ایک جامع بینکاری حل متعارف کرانے کے ہمارے سفر میں ایک اہم لمحہ ہے۔ پاکستان کے فن ٹیک منظر نامے میں Paysys Labs کی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے ہم آئندہ نسل کے لیے ادائیگی کی ایسی خدمات فراہم کرنا چاہتے ہیں، جو بے مثال سہولتوں، تیزی اور بھروسے سے مزین ہو۔“
رقمی اسلامک ڈیجیٹل بینک پاکستان کے ہیڈ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی/ انجینئرنگ جاوید شیر علی نے کہا، ”Paysys Labs سے ہماری شراکت داری پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں میں انقلاب لانے کے ہمارے مشن میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ جدید ادائیگی کی ٹیکنالوجیز میں Paysys Labs کی مہارت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم اسلامی مالیاتی اصولوں پر عمل کرتے ہے ہموار اور تبدیلی لانے والی ڈیجیٹل ادائیگی خدمات فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ بہتر مالی شمولیت اور آسان رسائی کے وژن کے ساتھ یہ تعاون زیادہ مربوط اور مالی طور پر بااختیار پاکستان کے لیے جدید ترین ادائیگی کے حل کو ممکن بنائے گا، جس سے روایتی بینکاری اور ڈیجیٹل مستقبل کے درمیان فرق کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔“
Paysys Labsکے چیف ایگزیکٹیو آفیسرکریم جندانی نے اس شراکت داری پر اپنے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”یہ اشتراک فن ٹیک کے شعبے میں جدت طرازی اور بہترین کارکردگی کے لیے Paysys Labsکے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ہم پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگی کے حل کو بہتر بنانے کے لیے رقمی کے ساتھ کام کرنے پر بہت پُرجوش ہیں، تاکہ ایک زیادہ جامع اور موثر ادائیگی کا ایکوسسٹم تشکیل دیا جاسکے۔“
اس جدید شراکت داری کا مقصد پاکستان بھر کے صارفین کے لیے ڈیجیٹل ادائیگی سلوشنز میں اضافہ کرنا ہے، جس سے رقمی کے تمام صارفین فائدہ اٹھاسکیں گے اورPaysys Labs کے یونیفائیڈ پیمنٹ پلیٹ فارم کے ذریعے فوری ادائیگی کی خدمات سے مستفید ہوسکیں گے۔