بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اسلام خواتین پر تشدد اور مارپیٹ کی قطعی اجازت نہیں دیتا-ڈاکٹر حمیرا طارق

مرد خاندان کا سربراہ اور خاتون خانہ گھر کی ملکہ قرار پائی – اللہ کے احکامات کے مطابق دونوں کی ذمہ داریاں اور دائرہ کار طےشدہ ہیں -اپنے حقوق وفرائض کا شعور رکھنا اور منصفانہ انداز سے خانگی معاملات کو چلانا ہی کامیاب زندگی ہے-اسلام خواتین اور بچوں پر تشدد اور مارپیٹ کی اجازت نہیں دیتا -ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے اینکر پرسن عائشہ جہانزیب پر شوہر کی جانب سے تشدد اور مارپیٹ کے حوالے سے اپنے بیان میں کیا-

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ پاکستان میں تحفظ نسواں بل کی منظوری کے باوجود مرد اپنی خواتین سے غیر انسانی سلوک کرتے ہیں -انہوں نے عائشہ جہانزیب پر تشدد کرنے والے شخص کی گرفتاری کو بروقت اقدام قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ عائشہ جہانزیب کو انصاف فراہم کیا جائے- تحفظ نسواں بل کی روشنی میں قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے -اور خواتین سور بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

اشتہار
Back to top button