چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کی ماسکو میں اعلیٰ روسی حکام سے ملاقاتیں
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ماسکو میں اعلیٰ روسی حکام سے ملاقاتیں کیں جن میں تجارت، توانائی، سیکیورٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے امور زیر غور آئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ساحر شمشاد مرزا نے روس کے دورے کے موقع پر روسی ڈپٹی وزیر دفاع کرنل جنرل الیگزینڈر فومن، ڈپٹی سیکریٹری سیکیورٹی روسی فیڈریشن الیگزینڈر وینیڈکٹیو اور روسی مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف کرنل جنرل ایس وائی استراکوف سے ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کے امور زیر غور آئے۔ ان شعبوں میں روابط، تجارت، توانائی، سیکیورٹی شامل ہیں۔فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور جن میں دو طرفہ عسکری تعاون، علاقائی سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردی پر بھی غور کیا اور عسکری روابط کو مضبوط کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔