دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، پولیس اور ایف سی کے دو جوان شہید
جمرود میں نامعلوم دہشتگردوں نے چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا، حملے میں دو جوان شہید ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے راکٹ لانچرز اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ خیبر کے علاقے جمرود میں تختہ بیگ میں واقع پولیس اور ایف سی کی مشترکہ چیک پوسٹ پر کیا گیا۔
چیک پوسٹ پر موجود پولیس اور ایف سی کے شیردل جوانوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کا حملہ پسپا کر دیا، فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اور ایف سی کے 2 جوان شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا۔
حملے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی، اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ڈی پی او خیبر کے مطابق حملے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک ایف سی کے جوان نے جام شہادت نوش کیا ہے، پولیس کی بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کے بعد دہشت گرد فرار ہو گئے۔