ایم پی اے سردار علی حسین خان بلوچ نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں بھرپور طریقے سے عوامی امنگوں کی ترجمانی کی
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
ممبر صوبائی اسمبلی سردار علی حسین خان بلوچ کے جوہر آباد/ خوشاب سے کوارڈینیٹر سردار قنبر رضا خان بلوچ نے کہا ہے کہ ایم پی اے سردار علی حسین خان بلوچ نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں بھرپور طریقے سے عوامی امنگوں کی ترجمانی کر کے اہلیان علاقہ کے دل جیت لیے ہیں۔
وہ میڈیا سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اپنے حلقہ کے عوام کی بے لوث خدمت ہمیشہ ہمارا وطیرہ رہا ہے اور اب سردار علی حسین خان بلوچ بھی اپنے ٓاباؤ اجداد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سماجی فلاح و بہبود کے لیے شب و روز بھرپور کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سردار علی حسین خان نے اپنے حلقہ ء نیابت کے تمام چکوک اور دور افتادہ مواضعات سمیت گنجان آباد ڈیرہ جات اور دیہات کے باسیوں کی اجتماعی فلاح و بہبود کو اپنی ترجیحات بنا رکھا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ بلا امتیاز ہر فورم پر عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے نظر آتے ہیں اور اس حوالے سے بتدریج تمام ضروری عملی اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔
سردار قنبر رضا خان بلوچ نے کہا کہ علاقہ کے دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ ایم پی اے سردار علی حسین خان بلوچ نے علاقہ کے کسانوں کے جن دیرینہ مسائل کو اسمبلی میں اجاگر کیا ہے وہ بالخصوص قابل صد ستائش اور لائق تحسین و آفرین ہے کیونکہ اس وقت ان مسائل کے تناظر میں ہمارے علاقے کا کاشتکار زبردست پریشان کن صورتحال سے دوچار ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انشاءاللہ ہم عوامی مینڈیٹ کی لاج رکھتے ہوئے علاقائی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔