بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، بھارت امریکا کو شکست دیکر سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گیا

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 25 ویں میچ میں بھارت  نے امریکا کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔بھارت نے امریکا کا 111 رنز کا ہدف با آسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔سوریا کمار  یادیو 50  اور شیوم دوبے 31 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

نیویارک میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر امریکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔امریکا نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے۔نتیش کمار 27 اور ٹیلر 24 رنز بناکر نمایاں رہے۔اس کے علاوہ کورے اینڈرسن 15، ہرمیت سنگھ 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں جبکہ ہاردک پانڈیا نے 2 اور اکسر پٹیل نے ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔امریکا کے 111 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز تو اچھا نہ ہوا تھا، ویرات کوہلی صفر اور کپتان روہت شرما 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

وکٹ کیپر رشبھ پنت بھی 20 گیندوں پر 18 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ 3 وکٹیں گرنے کے بعد سوریا کمار یادیو اور شیوم دوبے نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور اسکور کو آہستہ آہستہ آگے بڑھایا۔ یوں بھارت نے امریکا کا 111 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں با آسانی حاصل کرلیا۔

سوریا کمار یادیو 50 اور شیوم دوبے 31 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ امریکا کے سوربھ نیٹراوالکر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ علی خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔امریکا کو شکست دے کر بھارت مسلسل تیسری کامیابی کے ساتھ ایونٹ کے سپر 8 مرحلے میں پہنچ گیا۔ دوسری جانب امریکا  3 میچز میں سے 2 میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

مزید پڑھیے  بھارت میں مساجد ، گرجا گھروں کو نقصان پہنچایا جا رہا ،امریکی سینیٹر
Back to top button