بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، ویسٹ انڈیز نے یوگنڈا کو 134 رنز سے شکست دیدی

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 18ویں میچ میں عقیل حسین کی تباہ کن بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے یوگنڈا کو 39 رنز پر ڈھیر کر کے 134 رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی سمیٹ لی۔گیانا میں کھیلے گئے گروپ سی کے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان روومان پاؤل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔جانسن چارلس 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔اس کے علاوہ برینڈن کنگ 13، نکولس پورن 22،  رومان پاؤل 23 اور رتھر فورڈ 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ آندرے رسل 17 گیندوں پر 30 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

یوگنڈا کی جانب سے مسابا نے 2، رام جانی، کوسماس اور نکرانی نے ایک ایک وکٹ لی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے 174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یوگنڈا کی پوری ٹیم 12 اوور میں 39 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 11 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ الرازی جوزف نے دو شکار کیے، ایک ایک وکٹ روماریو شیفرڈ اور گداکیش موتی کے حصے میں آئی۔

یوگنڈا کے 10 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، جما میاگی 13 رنز بنا کر نمایاں رہے اور یہی واحد کھلاڑی بھی تھے جو ڈبل فیگر میں داخل ہو سکے۔عقیل حسین کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز ایونٹ میں اب تک دو میچ کھیل کر دو کامیابیاں سمیٹ چکا ہے جبکہ یوگنڈا نے 3 میں سے ایک میچ جیتا ہے اور دو میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیے  طلحہ طالب سمیت دو پاکستانی ویٹ لفٹرز کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاعات
Back to top button