تربت سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ حادثے کا شکار، 28جاں بحق
بلوچستان کے ضلع واشک میں تربت سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق جبکہ دیگر 22 زخمی ہوگئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور بس کے ٹائر برسٹ ہوجانے کی وجہ سے پیش آیا، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیںزخمیوں اور میتوں کو سول ہسپتال بسیمہ منتقل کیا گیا، طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کے لیے زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا جائے گا۔
لیویز حکام کا کہنا ہےکہ حادثے میں 22 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں کئی افراد کی حالت تشویش ناک ہے، جس کے باعث اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔دریں اثنا، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بس حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ بس حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرا دکھ ہوا، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔وزیر اعلٰی بلوچستان نے ہدایت کی کہ حادثے میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں، سرفراز بگٹی نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔